شیخ صالح بن محمد بن ابراہیم نے عوام پر زور دیا کہ وہ اسلام کے پرچم تلے متحد،فرقہ واریت سے گریز اور قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کریں۔

تشدد ،انتہا پسندی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں،امام کعبہ
07 اپریل 2017 (20:15)
0

امام کعبہ شیخ صالح بن محمد بن ابراہیم نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اسلام کے پرچم تلے متحد ہو جائیں اور فرقہ واریت سے گریز کرتے ہوئے قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کریں۔
انہوں نے یہ بات آج نوشہرہ میں بطور مہمان خصوصی جمعے کا خطبہ دیتے ہوئے کہی۔
امام کعبہ نے کہا کہ اسلام میں انتشار اور تشدد کی کوئی گنجائش نہیں اور ہمارا مذہب امن، محبت، بھائی چارے اور ہم آہنگی کا داعی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر تشدد اور انتشار کو ہوا دینے والے عناصر دراصل اپنے مذموم مقاصد کے لئے بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے واضح طور پر کہاکہ اسلام کا تشدد اور انتہا پسندی سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہاکہ علمائے کرام اسلام کے حقیقی محافظ ہیں اور وہ رواداری ، بھائی چارے اور لوگوں میں پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے میں انتہائی موثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔
امام کعبہ نے امت مسلمہ کے اتحاد، اسلام کی بالادستی اور پاکستان کے امن اور ترقی کیلئے خصوصی دعا کی۔
بعد میں امام کعبہ شیخ صالح بن محمد ابراہیم نے نما ز جمعہ پڑھائی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
مذہبی امور کے وزیر سردار محمد یوسف، ہائوسنگ کے وزیر اکرم خان دراین، ڈپٹی چیئرمین سینٹ عبد الغفور حیدری اور مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک کے مندوبین نے بھی ان کی اقتدا میں نماز جمعہ ادا کی۔


comments powered by Disqus