ممنون حسین نے کہا کہ مسلح افواج نے بلوچستان میں امن و امان بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

07 اپریل 2017 (17:18)
0

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ قوم انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے بعد ردالفساد کے مقاصد بھی حاصل ہو جائیں گے۔

وہ کوئٹہ سٹاف اینڈ کمانڈ کالج کے زیرتربیت عسکری حکام کے گروپ سے جمعہ کے روز اسلام آباد میں خطاب کررہے تھے۔


صدر نے کہا کہ مسلح افواج نے بلوچستان میں امن و امان بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور بہت سے چیلنجز کے باوجود پاکستان درست سمت میں گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک اب مزید مستحکم اور مضبوط ہے اور بہت سے مواقع اس کی دہلیز پر دستک دے رہے ہیں۔

ممنون حسین نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کی بہتری کے لئے اس کی قسمت بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے تمام قومی اداروں اور فریقوں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے فائدہ ہوگا اور گوادر پورٹ کے فعال ہونے کے بعد روزگار کے بہت سے مواقع پیدا ہوں گے۔
صدر نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی پالیسی درست سمت کی جانب گامزن ہے اور حکومت کی دانشمندانہ اقتصادی پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت بہتر ہو رہی ہے۔