Thursday, 25 April 2024, 07:18:13 pm
وفاقی کابینہ کی پنجاب حکومت کو سانحہ سیالکوٹ کے سلسلے میں گرفتار افراد کیخلاف مقدمے کی کارروائی فوری شروع کرنے کی ہدایت
December 07, 2021

وفاقی کابینہ نے حکومت پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ سانحہ سیالکوٹ کے سلسلے میں گرفتار افراد کے خلاف مقدمے کی کارروائی فوری شروع کی جائے اور مرتکب افراد کو مثالی سزائیں دی جائیں۔

آج(منگل) اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں سانحہ سیالکوٹ کی شدید مذمت کی گئی جس میں سری لنکا کا ایک شہری ہلاک ہو گیا تھا۔بعد میں وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے صحافیوں کوبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے سیالکوٹ واقعے کو اسلامی تعلیمات کے منافی قرار دیا اور کہا ہے کہ اس سے پاکستان کی ساکھ مجروح ہوئی ہے۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا ذمہ دار ہے۔سانحہ سیالکوٹ پر پاکستانی عوام اور قیادت کے سخت اور متفقہ ردعمل کی تائید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بھارت نہیں ہیں جہاں مسلمانوں کے خلاف تشدد کے متواتر واقعات کا کوئی نوٹس نہیں لیا جاتا۔ کابینہ کو انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کے بارے میں آگاہ کیا گیا جس کے لئے ایک آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کرانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے منشور کے مطابق آگے بڑھے گی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے گا۔کابینہ نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو مزید فعال بنانے کیلئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی فعالیت سے مزید شفافیت آئے گی۔اجلاس میں ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، حیدر آباد اور کوئٹہ کے علاوہ ملک کے باقی حصوں میں چالیس کلو آٹے کا تھیلا گیارہ سو روپے میں دستیاب ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی اور اسلام آباد کے علاوہ پورے ملک میں چینی نوے روپے کلوگرام قیمت پر دستیاب ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ چینی کی قیمت میں مزید تین سے چار روپے کی کمی ہو گی۔کابینہ نے زرعی شعبے کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی اور اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ کسان برادری کو چار سو ارب روپے اضافی دیئے گئے ہیں۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ملک میں چاول کی فصل بہت اچھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچانوے فیصد علاقوں میں گندم کی کاشت مکمل کر لی گئی ہے اور امیدظاہر کی کہ اگلے سال بھی گندم کی فصل بہت اچھی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی کی نسبت پاکستان میں یوریا کھاد کی قیمت بہت کم ہے۔افغانستان کی حالیہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان افغان عوام کی مدد کرنے کے لئے ہرممکن اقدام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ افغان باشندوں کو دوسرے ممالک جانے کے لئے پاکستانی ایئرپورٹس استعمال کرنے کی اجازت ہو گی۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہم افغانستان میں ڈھائی ہزار میٹرک ٹن گندم بھی بھیج رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے افغانستان سے درآمد کی جانے والی چالیس اشیاء کو امپورٹ ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.