Friday, 29 March 2024, 11:42:51 am
پاکستان میں بحالی، تعمیرنوکیلئے شراکت دار،مخیرتنظیمیں طویل مدتی مددکریں:مسعودخان
October 07, 2022

پاکستان نے دنیا بھر سے پاکستان میں بحالی اور تعمیر نو کیلئے بین الاقوامی برادری، ترقیاتی

شراکت داروں اور خیراتی اداروں سے طویل مدتی امداد پر زور دیا ہے۔

امریکہ میں قائم مسلمان امدادی اداروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے پاکستان میں امدادی کارروائیوں میں فراخدلی سے مدد اور انتھک کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے امریکہ کے خیراتی اداروں اور غیر مسلم تنظیموں کی فراخدلی کو بھی سراہا جو کہ آگے بڑھ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں بحالی اور تعمیر نو کے لیے عالمی برادری، ترقیاتی شراکت داروں اور دنیا بھر میں مخیر تنظیموں کی طویل المدت وابستگی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی بڑی تباہی کے بعد تعمیر نو کے لئے برسوں کا عرصہ درکار ہے ۔ وفد میں اسلامک ریلیف یو ایس اے، زکوة فائونڈیشن، الخدمت فائونڈیشن، ہیلپنگ ہینڈ یو ایس اے، اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ اور دیگر ادارے شامل تھے۔حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی فوری ضروریات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ نکاسی آب، پانی صاف کرنے کے پلانٹس، کمبل، بستر اور گرم کپڑے بے گھر ہونے والی آبادی کی مشکلات کو دور کرنے میں مدد گار ہوں گے۔انہوں نے اقوام متحدہ، امریکی حکومت، امریکی کانگریس ،سینٹ کے اراکین ، عالمی سطح پر شہرت یافتہ شخصیات اور انٹرنیشنل میڈیا کا سیلاب متاثرین سے اظہار یک جہتی کرنے اورعالمی سطح پر ان کی مشکلات کواجاگر کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر اپنی گفتگو میں وفد نے کہا کہ امریکہ میں مقیم تقریبا ً پینتیس لاکھ مسلمان پاکستان میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور سیلاب زدگان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے امریکن مسلم ہیومینٹیرین فورم کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ امریکی تنظیمیں اور فلاحی ادارے بھی امدادی سرگرمیوں میں دل کھول کر تعاون کر رہے ہیں۔سفیر پاکستان مسعود خان نے وفد کی کوششوں اور فراخدلانہ تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شرکا کو بتایا کہ امریکہ کی معروف کمپنیوں، کارپوریٹ اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی امدادی سرگرمیوں میں شراکت داری کے لیے رابطہ کیا جا رہا ہے ۔مسعود خان نے شرکا پر زور دیا کہ وہ کمیونٹی رہنمائوں ، رائے سازوں اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں کی توجہ اس جانب دلائیں کہ وہ سیلاب سے متاثرہ آبادی کے لیے خاص طور پر بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے کے دوران زیادہ سے زیادہ تعاون کریں۔

 

Error
Whoops, looks like something went wrong.