Thursday, 19 September 2019, 05:53:38 am
چین کی بھارت کی جانب سے جموں کشمیر کی حیثیت میں یکطرفہ تبدیلی کی مخالفت
August 07, 2019

چین نے بھارت کی طرف سے جموں وکشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے یکطرفہ فیصلے کی مخالفت کی ہے۔آج اسلام آباد میں ریڈیو پاکستان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر یاؤ جنگ نے کہا کہ جموں وکشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں اور پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ معاہدے موجود ہیں جن میں اس متنازعہ حیثیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔چینی سفیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بین الاقوامی معاہدوں اور بین الاقوامی اقدار کا احترام کیاجانا چاہئے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارت امن واستحکام اور کشمیر کے لوگوں کیلئے ذمہ دارانہ رویہ اپنائے گا۔اقوا م متحدہ کی سلامتی کونسل میں تنازعہ کشمیر پر چین کے کردار کے بارے میں ایک سوال پر چینی سفیر نے کہا کہ چین سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہے اور امن واستحکام کیلئے ہماری خصوصی ذمہ داری ہے۔ اس سے قبل نیشنل براڈ کاسٹنگ ہائوس اسلام آباد میں ''چین پاکستان اقتصادی راہداری کے فروغ میں ذرائع ابلاغ کا کردار '' کے موضوع پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین انصاف اور بین الاقوامی اقدار اور عالمی قوانین کے تحفظ کیلئے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس خطے میں امن واستحکام تمام علاقائی ممالک کی ذمہ داری ہے۔چینی سفیر نے کہا کہ امن واستحکام برقرار رکھنا ، اس کا تحفظ اور فروغ پاکستان ، چین اور خطے کے دیگر ملکوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔Yao Jing نے کہا کہ اقوام متحدہ کا احترام کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی جانی چاہئے۔چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ یہ منصوبہ دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے جس میں صنعتی تعاون اور سماجی شعبے کی ترقی پر توجہ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت بھی معاشرے کی ترقی کو ترجیح دے رہی ہے اورتعلیم،صحت کے فروغ اور غربت کے خاتمے پر زیادہ توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی شعبے کے تحت ستائیس منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کی ڈائریکٹر جنرل شاہیرہ شاہد نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان میں معاشی انقلاب لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ذرائع ابلاغ کا کردار بہت اہم ہے۔ریڈیو پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریڈیو پاکستان گیارہ بین الاقوامی اور تئیس علاقائی زبانوں میں پروگرام نشر کررہاہے۔