Monday, 10 August 2020, 04:26:24 am
پنجاب کونسل آف آرٹس کا نئے فنکاروں کی تلاش کا منصوبہ
July 11, 2020

فائل فوٹو

پنجاب کونسل آف آرٹس نے باصلاحیت فنکاروں کی تلاش کے ایک پروگرام اور فنکاروں کے فن پاروں کی آن لائن نمائش کے ذریعے موسیقی' فنون لطیفہ اور تخلیقی آرٹ میں نئے فنکاروں کی تلاش کا منصوبہ بنایا ہے۔
آپریشنز ڈائریکٹر پی سی اے محمد ابرار عالم نے ایک میڈیا انٹرویو میں کہاکہ فنکاروں ' ہنر مندوں اور دانشوروں کی حوصلہ افزائی کے لئے باصلاحیت نوجوانوں کی تلاش کے لئے ''ٹیلنٹ ہنٹ'' کا آغاز کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کونسل نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں آن لائن نمائشوں' مذاکروں اور فن کے مظاہروں کے ذریعے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسیقی' فنون لطیفہ' دستکاریوں' ڈرامہ اور ادب میں ضلعی' ڈویژن اور صوبائی سطح پر نوجوانوں میں مقابلے ہوں گے۔
ابرار عالم نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران یہ تمام پروگرام اور فن کے مظاہرے آن لائن ہوں گے۔