Tuesday, 09 June 2026, 08:46:39 am
 
پاکستان میں ٹیکس، ڈیجیٹل اور تجارتی اصلاحات سے کاروباری سہولتوں میں بہتری
June 07, 2026

پاکستان میں ٹیکس، ڈیجیٹل معیشت اور تجارتی شعبے میں جاری اصلاحات کے باعث کاروباری سہولتوں میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

2024 سے جاری اصلاحاتی اقدامات کے تحت ٹیکس نظام، ڈیجیٹل ادائیگیوں اور تجارتی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا۔ حکام کے مطابق ان اصلاحات کے نتیجے میں مالی سال 2025 میں ٹیکس وصولیوں میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 34 ہزار سے زائد ٹیکس دہندگان کو آن لائن بلنگ نظام سے منسلک کیا گیا جبکہ 43 ہزار ڈیجیٹل بلنگ مشینوں کے ذریعے ٹیکس وصولی کے عمل کو مزیدموثر بنایا گیا۔

ٹیکس چوری کی نشاندہی کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال سے بھی مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، جس کے ذریعے اہم صنعتی شعبوں سے اربوں روپے اضافی ریونیو حاصل کیا گیا۔

ڈیجیٹل پاکستان اقدامات کے تحت ملک بھر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں اور آن لائن مالیاتی سہولتوں کو فروغ دیا گیا ہے۔ راست نظام کے ذریعے مزید 5 کروڑ افراد اور 11 لاکھ کاروبار ڈیجیٹل ادائیگیوں سے منسلک ہوئے، جس کے بعد مجموعی صارفین کی تعداد 13 کروڑ تک پہنچ گئی۔

نادرا سمیت مختلف سرکاری اداروں میں آن لائن ادائیگیوں کی سہولت سے شہریوں کو فیس اور دیگر ادائیگیوں میں آسانی حاصل ہوئی ہے۔

کاروباری آسانی اور تجارت کے فروغ کے لیے پہلی بار نیشنل ٹیرف پالیسی 2025-30 کے تحت اہم ٹیرف اصلاحات کا آغاز کیا گیا ہے، جس کا مقصد تجارتی سرگرمیوں اور برآمدات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔

حکام کے مطابق ٹیکس، ڈیجیٹل اور تجارتی اصلاحات نے مجموعی طور پر ملک میں کاروباری ماحول، شفافیت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔