نواز شریف نے کہا ہے کہ افغانستان کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں ، افغانستان کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔

خطے میں امن کیلئے افغانستان میں استحکام ناگزیر ہے:وزیراعظم
06 اکتوبر 2016 (15:19)
0

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں امن وا ستحکام کے لئے افغانستان میں استحکام ناگزیر ہے ۔آج اسلام آباد میں نیٹو کی ملٹری کمیٹی کے چیئرمین جنرل پیٹر پیول سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت افغان قیادت کے ساتھ رابطے میں ہے اور افغان حکومت کی درخواست پر مصالحتی عمل میں سہولت فراہم کر رہی ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کے بارے میں حکومت کی پالیسی بہت واضح ہے ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں ، افغانستان کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے معاشی استحکام کے لئے افغانستان کو پچاس کروڑ ڈالر کی اضافی امداد دینے کا اعلان کیا ہے ۔
نواز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کیلئے افغانوں کے زیر قیادت اور انہی کی سرپرستی میں مفاہمتی عمل ناگزیر ہے ۔
وزیراعظم نے جنرل پیٹر Pavel کو بھارتی بربریت سے متعلق آگاہ کیا جس کے نتیجے میں نہ صرف قیمتی جانیں ضائع ہوئیں بلکہ چھروں والی بندوق کے استعمال سے سینکڑوں افراد بینائی سے محروم بھی ہو گئے۔
نیٹو کی ملٹری کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی مہم کے متاثرکن نتائج برآمد ہوئے ہیں۔