ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی کو بتایا کہ پاکستان تنازع کشمیر کاپرامن تصفیہ اورفوری حل چاہتاہے۔

پاکستان کا اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرانے کامطالبہ
06 اکتوبر 2016 (09:23)
0

پاکستان نے اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کرانے کامطالبہ کیاہے۔ جمعرات کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے عالمی ادارے کو کشمیر کے بارے میں اس کی دیرینہ ذمہ داریاں یاددلائیں۔ انہوں نے جنرل اسمبلی کو بتایا کہ اقوام متحدہ کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے او رکشمیر کے پرامن تصفیے کیلئے اپنا کردارادا کرناہوگا۔

ملیحہ لودھی نے کشمیر ی عوام کی خواہشات اورسلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اقوام متحدہ کی زیرنگرانی آزادانہ اورمنصفانہ استصواب رائے کے ذریعے مسئلہ کشمیرکے حل پرزوردیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی مقبوضہ کشمیرمیں رسائی کی اپیل کاخیرمقدم کیا۔
ملیحہ نے کہاکہ کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد منصفانہ ہے اورانہیں عالمی برادری سے اخلاقی اورسیاسی حمایت حاصل کرنے کاحق پہنچتاہے۔ انہوں نے جنرل اسمبلی کو بتایا کہ پاکستان تنازع کشمیر کاپرامن تصفیہ اورفوری حل چاہتاہے۔ انہوں نے عالمی ادارے کوپاکستان کی اقوام متحدہ کے امن مشن سے دیرینہ اورغیرمتزلزل وابستگی یاددلائی جس کاسب اعتراف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے امن مشنوں کی کامیابی میں پاکستان کاکردارانتہائی اہمیت کاحامل ہے۔