برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی اسلام آباد میں قومی سلامتی کے مشیرریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ سے ملاقات۔

پاکستان اور برطانیہ کا خطے میں امن کے مشترکہ ہدف کے حصول کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق
06 نومبر 2017 (19:26)
0

قومی سلامتی کے مشیرریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کو تمام سطحوں پر سیاسی، سفارتی، فوجی اور خفیہ معلومات کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے اور مستحکم کرنے ضرورت ہے۔
انہوں نے یہ بات برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔انہوں نے پاکستان کی جانب سے سیاسی تصفیے کے ذریعے افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کی کوششیں جاری رکھنے کے پختہ عزم کا پیغام دیا۔
تھامس ڈریو نے کہا کہ برطانیہ خطے میں استحکام اور پاک افغان امن عمل میں مدد کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔فریقین نے خطے میں امن کے مشترکہ ہدف کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں خطے کی سلامتی اور استحکام کے علاوہ بری فوج کے سربراہ کے کابل کے دورے کے تناظر میں پاک افغان تعلقات میں حالیہ پیشرفت پر تبادلہ خیال ہوا۔