ممنون حسین نے کہا ہے کہ پرامن بقائے باہمی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی نقطہ ہے ۔

پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کا خواہاں ہے:صدر
06 مئی 2017 (15:55)
0

صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کا خواہشمند ہے ۔
انہوں نے یہ بات ہفتے کے روز اسلام آباد میں Made in KPK کے موضوع پر دو روزہ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
صدر نے کہا کہ پرامن بقائے باہمی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی امتیازی خصوصیت ہے اور اس نے خطے میں امن کیلئے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ ہمیشہ خیرسگالی جذبات کا اظہار کیا ہے ۔
انہوں نے کہا پاکستان ، افغانستان میں امن کوششوں کا حصہ رہا ہے جس کے ساتھ ہماری مذہبی اور ثقافتی اقدار مشترک ہیں۔ممنون حسین نے بھارت پر زور دیا کہ وہ امن کیلئے کوششوں کو نقصان پہنچانے کے بجائے ہمارا ساتھ دے۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل کے بعد پاکستان خطے کا اہم ترین ملک بن جائے گا جس سے ملک کے ہر حصے میں ترقی ہوگی۔
صدر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ملک کی مسلح افواج کے ساتھ مثالی جرات کا مظاہرہ کرنے پر دادوتحسین کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک میں توانائی، صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں۔ممنون حسین نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی کامیاب تکمیل کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔