نواز شریف نے کہا ہے کہ ہوائی اڈے ، ہائی ویز ، موٹر ویز اور مواصلاتی نظام سمیت جدید بنیادی ڈھانچہ ایک باوقار قوم کا طرہ امتیاز ہے۔

06 مئی 2017 (14:27)
0

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ کئے بغیر ان کی جلد تکمیل پر یقین رکھتی ہے ۔وہ اسلام آباد میں اسلام آباد میٹر وبس کو پشاور موڑ سے اسلام آباد کے نئے ہوائی اڈے سے منسلک کرنے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔
نواز شریف نے کہا کہ ہوائی اڈے ، ہائی ویز ، موٹر ویز اور مواصلاتی نظام سمیت جدید بنیادی ڈھانچہ ایک باوقار قوم کا طرہ امتیاز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کیلئے یہ منصوبے ضروری ہیں کیونکہ اس سے صنعت کار ملک میں سرمایہ کاری کے لئے راغب ہوتے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم کو میٹرو بس منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔شاہراہوں کے قومی ادارے کے چیئرمین نے وزیراعظم کو بتایا کہ منصوبے کے تمام چاروں مراحل کے لئے ٹھیکیداروں کو متحرک کیا گیا ہے ۔

شاہراہوں کا قومی ادارہ پچیس اعشاریہ چھ کلومیٹر طویل میٹروبس منصوبہ چارمرحلوں میں تعمیر کرے گا۔ منصوبے میں نو بس اسٹیشن ، بارہ پل اور گیارہ انڈرپاسز بنائے جائیں گے۔ وزیراعظم نے اسلام آباد کے نئے ہوائی اڈے کا دورہ بھی کیا۔
اس موقع پر انہیں منصوبے پر کام کی رفتار کے بارے میں بریفنگ دی گئی جو چودہ اگست تک مکمل ہوجائے گا۔ٹرمینل کی عمارت کا پچانوے فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے جس میں چار ہزار پانچ سو مسافروں کی گنجائش ہے ۔
جہازوں کو کھڑا کرنے کیلئے پندرہ جدیداسٹیشن مکمل کر لئے گئے جبکہ پروازوں کو کنٹرول کرنے کے لئے عالمی معیار کا سسٹم نصب کیا جا رہا ہے ۔