وزیراعظم کی وزارت پانی و بجلی کو سال2023 تک بجلی کی طلب اوررسد کا تجزیہ کرنے کی ہدایت ۔

ماہ صیام ،ترقیاتی کاموں کے باعث بجلی بند نہ کرنے کا فیصلہ
06 جون 2017 (17:40)
0

توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی نے متفقہ طورپر یہ منظوری دی ہے کہ رمضان کے دوران ترقیاتی کاموں کی بناء پر بجلی بند نہیں کی جائے گی۔ زیراعظم محمد نواز شریف نے منگل کے روز اسلام آباد میں اجلاس کی صدارت کی۔
وزیراعظم نے پانی و بجلی کی وزارت کو سال2023 تک بجلی کی طلب اوررسد کا تجزیہ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مستقبل میں ملک کی توانائی کی ضرورتوں کو پورا کرنے کیلئے مربوط طویل مدتی منصوبہ بندی کی جاسکے۔
نوازشریف نے مرمت کے کام کی بناء پر بجلی گھروں کی بندش کا شیڈول گرمیوں سے سردیوں میں منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ لوگوں کو انتہائی طلب کے مہینوں کے دوران زیادہ سے زیادہ بجلی فراہم کی جاسکے۔
سیکرٹری پانی وبجلی نے اجلاس کو گزشتہ اجلاس کے دوران ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی نے ایل این جی پر مبنی ایک ہزار دوسو میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل نئے بجلی گھر کے قیام کی بھی اصولی منظوری دی ۔وزیر خزانہ اسحق ڈار ، وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف ، وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی ، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، اطلاعات ونشریات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔