مشترکہ مزاحمتی قیادت کی عوام سے حریت رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں او ر دفاتر پر چھاپوں کیخلاف جمعے کو مظاہروں کی اپیل
06 جون 2017 (16:12)
0

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل جاری خون ریزی کی واحد وجہ بھارت کی بے حسی ہے کیونکہ بھارتی فوج کے اہلکار بے دردی سے نوجوانوں کو شہید کررہے ہیں۔سری نگر سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام مقبوضہ علاقے میں ابترصورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں اور انہوںنے نہتے اور بے گناہ نوجوانوں کے خلاف مہلک ہتھیاروں کے استعمال کے جواز کیلئے اپنی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں مشترکہ مزاحمتی قیادت نے عوام سے کہا ہے کہ وہ بھارتی قومی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے حریت رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں او ر دفاتر پر چھاپوں کیخلاف جمعے کو پرامن مظاہرے کریں۔سری نگر میں جاری ایک بیان میں مشترکہ مزاحمتی قیادت نے کہا کہ کشمیری عوام اور قیادت اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
بیان میں کہاگیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں عوامی جدوجہد کو کچلنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگیا۔