مولانا گوہر شاہ نے کہا ہےکہ بیت المال معاشرے کے پسماندہ طبقوں کیلئے بہترین کام کررہا ہے

حزب اختلاف کو حکومت کے ساتھ ملکر پاکستان کے خوشحال مستقبل کیلئے میثاق معیشت تشکیل دینا چاہیے:رانا تنویر
06 جون 2017 (15:41)
0

قومی اسمبلی نے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر عام بحث پھر شروع کی۔بحث میں حصہ لیتے ہوئے عامرہ خان نے کہا کہ معذور افراد کے لئے خصوصی مراکز قائم کئے جانے چاہئیں تاکہ ان کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا جاسکے۔مولانا گوہر شاہ نے کہا کہ بیت المال معاشرے کے پسماندہ طبقوں کیلئے بہترین کام کررہا ہے انہوں نے کہا کہ اس سال محکمے کیلئے چھ ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔

عبدالغفار ڈوگر نے کہا کہ کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کھادوں پر اعانت میں مزید اضافہ کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور نیشنل قومی زرعی تحقیقاتی کونسل کو مکمل طورپر فعال بنایاجائے تاکہ زرعی تحقیق کو فروغ دیا جاسکے۔سراج محمد خان نے کہا کہ بھرتی کے عمل میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔چوہدری خادم حسین نے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد نے آئندہ مالی سال کی بجٹ تجاویز کو سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو تنقید کانشانہ بنانے کی بجائے حزب اختلاف کو چاہیے کہ وہ کچھ ایسی تجاویز پیش کریں جن سے پاکستان انٹر نیشنل ائر لائن اور پاکستان ریلویز کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کیا جاسکے۔
رانا محمد قاسم نون نے کہا کہ زرعی قرضے بڑھانے ،صنعتوں کیلئے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کو یقینی بنانے اورمالی خسارے کو کم کرنا حکومت کے قابل تعریف اقدامات ہیں۔
ملک محمد عزیرنے کہا کہ بجٹ ترقی پر مبنی ہے کیونکہ آئندہ مالی سال کیلئے ترقیاتی بجٹ میں چالیس فیصد اضافہ کیاگیا ہے۔
انہوںنے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پرگامزن کرنے میں مدد ملے گی۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے دفاعی پیداوار کے وزیر رانا تنویر حسین نے حزب اختلاف پر بجٹ اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جائز تجاویز مالیاتی بل میں شامل کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حزب اختلاف کو حکومت کے ساتھ بیٹھ کر پاکستان کے تابناک اور خوشحال مستقبل کیلئے میثاق معیشت تشکیل دینا چاہیے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کو مشرق وسطی کے نئے بحران کے بارے میں اپنا موقف پیش کرنا چاہیے ۔