سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق نے ایوان کو بتایا کہ وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے بعد ڈرون حملے رک گئے ہیں جو ایک اچھی پیش رفت ہے۔

طالبان سے مذاکرات اور دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے حکومتی پالیسی واضح
06 جون 2014 (15:54)
0

سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق نے ایوان کو بتایا کہ حکومت کی طالبان سے مذاکرات اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے پالیسی بہت واضح ہے۔مختلف ارکان کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے آل پارٹیز کانفرنس کے بعد طالبان سے مذاکرات کرنے کا فیصلہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کے مختلف دھڑے ہیں جن کے اپنے اپنے علاقے اور قیادت ہے اور وہ الگ الگ اپنے فیصلے کرتے ہیں۔راجہ ظفرالحق نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے دورہ امریکہ کے بعد ڈرون حملے رک گئے ہیں جو ایک اچھی پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ان طالبان کے ساتھ مذاکرات کرے گی جو بات چیت کرنا چاہتے ہیں اور ان عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی جنہوں نے دہشت گردی کی کارروائیوں کا راستہ اختیار کیا ہے۔
راجہ ظفرالحق نے کہا کہ فاٹا میں ترقی اور انتظامی اصلاحات کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ علاقے کے لوگوں کو اس قابل بنایا جا سکے کہ وہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
ایک نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے مکینوں کو درپیش پینے کے صاف پانی کامسئلہ حل کر لیا جائے گا۔
ایوان کا اجلاس اب پیر کو شام پانچ بجے ہو گا۔