وفاقی وزیرمنصوبہ بندی نے کہاکہ ایوی ایشن سٹی کا قیام انتہائی موزوں وقت پر کیا گیا ہے اور یہ ہرقسم کی ضروریات کو پورا کرے گی۔

مضبوط پاکستان کیلئے فضائی پلیٹ فارم انتہائی ضروری ہے: احسن اقبال
06 جولائی 2017 (12:27)
0

منصوبہ بندی کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ مضبوط پاکستان کیلئے ایک مضبوط فضائیہ اور ایک فضائی پلیٹ فارم انتہائی ضروری ہے ۔وہ آج ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں ایوی ایشن سٹی کے قیام کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے ۔
احسن اقبال نے کہافضائیہ کسی ملک کی طاقت کا ایک اہم عنصر ہے جسے قومی سلامتی کے لئے نئی اہمیت حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایوی ایشن سٹی کا قیام انتہائی موزوں وقت پر کیا گیا ہے اور یہ ہرقسم کی ضروریات کو پورا کرے گی جہاں فضائی شعبے میں پاکستان کیلئے نئے مواقع پیدا کرنے کے لئے علم وصنعت مل کر کام کر سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ایوی ایشن سٹی سے نہ صرف ہمیں دفاع اور سلامتی کے شعبے میں صلاحیتیں اجاگر کرنے میں مدد ملے گی بلکہ یہ کمرشل ایوی ایشن سرگرمیوں کے لئے بنیاد ثابت ہو گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان نے ایوی ایشن سٹی کے قیام کو دفاعی پیداوار کے شعبے میں خودانحصاری حاصل کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک میں ففتھ جنریشن لڑاکا طیارے بنانے کی جانب بھی اہم قدم ثابت ہو گا۔