حکومت عوام کو بنیادی سہولتیں دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے:سائرہ
06 جولائی 2015 (20:17)
0

نیشنل ہیلتھ سروسز کی وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کوزندگی کی بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔

پیر کو حافظ آباد میں رمضان بازار کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت رمضان المبارک کے دوران لوگوں کواشیائے ضروریہ یقینی بنانے کیلئے اربوں روپے اعانت فراہم کر رہی ہے۔  انہوں نے کہاکہ رمضان بازارصوبے بھرمیں کامیابی سے لگائے جارہے ہیں اور ان کی کامیابی کا سہرا پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے سر ہے جوعوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔


ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے اور توانائی کے بحران سے نمٹنے پر اولین توجہ مرکوز کر رہی ہے اور ملک سے د ہشت گردی کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وفاقی اور پنجاب حکومت ضلع حافظ آباد میں لوگوں کامعیارزندگی بہتر بنانے کیلئے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر دو ارب روپے سے زائد خرچ کررہی ہے۔