اپنے دورے کے دوران وزیراعظم نوازشریف بحرینی قیادت سے دوطرفہ مذاکرات کرینگے ۔

وزیراعظم کل سے بحرین کا دوروزہ دورہ کرینگے
06 جنوری 2015 (10:43)
0

 وزیراعظم محمد نوازشریف کل سے بحرین کادوروزہ دورہ کررہے ہیں ۔وہ شاہ بحرین حماد بن عیسیٰ الخلیفہ اور وزیراعظم شیخ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ کی دعوت پر بحرین کا دورہ کررہے ہیں۔اس موقع پر اعلیٰ سطح کا وفد وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا۔ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم نوازشریف بحرین کے شاہ اور اپنے بحرینی ہم منصب سے ملاقاتیں کرینگے اس کے علاوہ بحرینی وزراء کی بھی نوازشریف سے ملاقاتیں ہونگی۔


شاہ حماد اوروفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں توانائی،افرادی قوت کے روزگار،تجارت ، سرمایہ کاری اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال ہوگا۔

پاکستان اور بحرین کے درمیان تمام شعبوں میں شاندار دوطرفہ تعلقات ہیں جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان اقوام متحدہ ، او آئی سی اور دوسرے عالمی فورمزقریبی تعاون موجو د ہے۔
ایک لاکھ سے زائد پاکستانی بحرین کی ترقی میں اہم کردار اداکررہے ہیں جو دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

خلیج ریجن میں وزیراعظم کے خصوصی نمائندے جاوید ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اورخلیج تعاون کونسل ریجن میں تعلقات کومزید وسعت دینے کے بڑے مواقع موجود ہیں۔ سفیر نے جو وزیر اعظم کے ہمراہ بحرین جائیں گے کہا کہ پاکستان خلیج تعاون کونسل ریجن میں تعاون مزید بڑھانے کیلئے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔