حکومت فاٹا کی ترقی کیلئے فنڈز فراہم کرے گی:وزیراعظم
06 جنوری 2015 (19:52)
0

فاٹاسے تعلق رکھنے والے سینیٹرز کے ایک وفد نے آج (منگل) اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی' وفد میں عباس خان آفریدی ' حاجی خان ' ہلال الرحمن ' محمد صالح شاہ ' ادریس خان صافی ' ہدایت اللہ اور نجم الحسن شامل تھے۔


وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور پارلیمانی امور کے بارے میں وزیراعظم کے خصوصی معاون بیرسٹر ظفراللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت تعلیم اور صحت پر توجہ کے ساتھ فاٹا کی ترقی کے لئے فنڈز فراہم کرے گی انہوں نے کہا کہ حکومت فاٹا کے نوجوانوں کوروزگار کے مزید مواقع فراہم کرے گی۔


نوازشریف نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں سنگ مرمر کے وسیع ذخائر کوبروئے کار لانے کے لئے کوششیں کی جانی چاہئیں۔ اس موقع پر عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد کی دوبارہ آبادکاری سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔


وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے نقل مکانی کرنے والے افراد کی امداد کے لئے اربوں روپے فراہم کیے ہیں اور وہ ان کے علاقوں میں ان کی دوبارہ آبادکاری کے لئے سہولتیں فراہم کرتی رہے گی۔