مشیر خارجہ نے کہا کہ اقتصادی راہداری سے خطے اور خلیجی ممالک کو بھی فائدہ ہو گا۔

پاکستان، بحرین کا مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
06 فروری 2017 (19:23)
0

پاکستان نے بحرین کو توانائی ، بنیادی ڈھانچے اور زرعی شعبوں میں کاروبار کیلئے بہتر ماحول سے استفادہ کرنے کی دعوت دی ہے۔
یہ پیشکش مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے آج اسلام آباد میں پاک بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے دوران کی۔
بعد میں مشیر خارجہ نے بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد الخلیفہ کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کی صورتحال میں واضح بہتری کے باعث پاکستان سرمایہ کاری کیلئے مزید پرکشش ملک بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے پاکستان میں تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کی نئی راہیں کھلیں گی۔
انہوں نے کہا کہ راہداری کے راستوں پر خصوصی اقتصادی زون قائم کئے جائیں گے جس سے ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو مزید مراعات اور سہولتیں فراہم کی جا سکیں گی۔
مشیر خارجہ نے کہا کہ اقتصادی راہداری سے خطے اور خلیجی ممالک کو بھی فائدہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے توانائی ، دفاع ،زراعت اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
بحرین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ فریقن نے آج زراعت اور سفارتی خدمات کی تربیت میں تعاون سے متعلق مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط بھی کئے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریق دفاع ، معیشت اور سیاسی مشاورت میں تعاون کر رہے ہیں۔