ممنون حسین نے کہا کہ حکومت نے توانائی کی موثر پالیسی وضع کی ہے۔

صدر کا118میگاواٹ فوجی فرٹیلائزر بجلی گھرکا افتتاح
06 فروری 2017 (19:14)
0

صدر ممنون حسین نے پیر کے روز پورٹ قاسم کراچی میں ایک سو اٹھارہ میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے فوجی فرٹیلائزر بجلی گھر کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بن قاسم بجلی گھر توانائی بحران کے خلاف سرکاری ونجی اشتراک سے ایک اہم اضافہ ہے اور اس سے اگلے سال تک ملک میں بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
ممنون حسین نے کہا کہ حکومت نے توانائی کی موثر پالیسی وضع کی ہے جس نے ملک کو بڑے پیمانے پر اقتصادی خوشحالی کی جانب گامزن کیا ہے۔
چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جب یہ کثیر جہتی منصوبے مکمل طور پر فعال ہو جائے گا تو یہ ملک کو مثالی سیاسی اور اقتصادی بلندیوں پر لے جائے گا۔
صدر نے پھر کہا کہ اقتصادی راہداری کے اصل منصوبے کے تحت اس کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور موجودہ اشاریوں کے مطابق 2019 تک پاکستان کی شرح ترقی سات فیصد ہو جائے گی۔
امن کی اہمیت کا اجاگر کرتے ہوئے ممنون حسین نے کہا کہ مملکت ہر سطح پر آپریشن ضرب عضب ، کراچی آپریشن اور بلوچستان آپریشن کے لئے پرعزم ہے اور یہ مکمل کامیابی کے حصول تک جاری رہیں گے۔