نوازشریف نے پاکستان آرڈی نینس فیکٹری کے عملے کے لئے25 فیصد الائونس اور سالانہ دو انکریمنٹ کا اعلان کیا۔

06 فروری 2017 (12:46)
0

وزیراعظم محمد نوازشریف نے آج پاکستان آرڈیننس فیکٹریز واہ میں براس ملز جدید بنانے کے منصوبے کاافتتاح کیا۔ براس ملزکو جدید خطوط پر استوار کرنے کے بعد فیکٹری کی پیداواری صلاحیت آٹھ ہزار میٹرک ٹن سے بڑھ کر چوبیس ہزارمیٹرک ٹن ہوگئی ہے۔جدید خطوط پر استوار کئے جانے کے تناظر میں واہ براس جنوبی ایشیا کی براس کی پیداواری صنعت میںایک بڑا نام بن گیا ہے۔
فیکٹری میںجدید ٹیکنالوجی اور سہولتیں فراہم کی گئی ہیں تاکہ براس کی پیداوار میں نئے معیار کی مثال قائم کی جائے۔ وزیراعظم نے فیکٹری میں براس کی تیاری کا عمل بھی دیکھا انہیں تیاری کے عمل، ٹیکنالوجی اور مصنوعات کے معیار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واہ براس کی ٹیم پاکستان کی اقتصادی ترقی کا عمل تیز کرنے کی اپنی کوششوں میں اپنا ناگزیر کردار ادا کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے پاکستان آرڈی نینس فیکٹری کے عملے کے لئے25 فیصد الائونس اور سالانہ دو انکریمنٹ کا اعلان کیا۔
اس موقع پر دفاعی پیداوار کے وزیر رانا تنویر حسین اوروزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان بھی موجود تھے۔اس سے پہلے بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاکستان آرڈی نینس فیکٹریز کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات نے پی او ایف پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔