06 فروری 2017 (11:10)
0

وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان اوربحرین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پرزوردیا ہے۔

وہ بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد الخلیفہ سے باتیں کررہے تھے جنہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی ،بحرین کے وفد میں بحرین کے شاہی خاندان کے افراد بھی شامل تھے۔
بحرین کے وزیر خارجہ نے اپنے فرماںروا شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کی طرف سے وزیراعظم نوازشریف کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوںنے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ اقتصادی کمیٹی کو مشترکہ وزارتی کمیشن میں تبدیل کردیا گیا ہے اور کمیشن کا پہلا اجلاس پیر کے روز اسلام آباد میں ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران دونوںملک سفارتی، معاشی، تجارتی، تذویراتی اورثقافتی تعلقات پر جامع مذاکرات کریںگے۔
وزیراعظم نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے قیام کا خیرمقدم کیا اورکہا کہ اس سے ایک مضبوط پیغام جائے گا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا دونوںملکوں کے درمیان تعلقات مسلسل فروغ پائیں گے۔