پاکستان اوربحرین کے درمیان تعاون مضبوط سیاسی تعلقات پرمبنی ہے:سرتاج
06 فروری 2017 (07:18)
0

مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے کہاہے کہ پاکستان کی موجودہ سرمایہ کاری پالیسی سے سرمایہ کاروں کیلئے سازگارماحول پیدا ہوا ہے جس میں مقامی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو یکساں مواقع کی ضمانت دی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بات بحرین کے وزیرخارجہ شیخ خالد بن احمدمحمدالخلیفہ سے اسلام آباد میں ملاقات میں کہی۔
دونوں رہنمائوں نے مشترکہ اقتصادی کمیٹی کو ترقی دیکرمشترکہ وزارتی کمیشن کا درجہ دینے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فرو غ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
سرتاج عزیز نے کہاکہ پاکستان اوربحرین کے درمیان معاشی اور تجارتی شعبے میں تعاون مضبوط سیاسی تعلقات پرمبنی ہے۔ انہوں نے بحرین کے تاجروں کو پاکستان میں مختلف شعبوں خصوصاً توانائی ،بنیادی ڈھانچے اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں استحکام سے خطے میں امن ،خوشحالی اورمعاشی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔
شیخ خالد بن احمدمحمدالخلیفہ نے اس بات کااعادہ کیا کہ پاکستان اوربحرین کے تعلقات دوستی کے مضبوط رشتے کے تسلسل کامنہ بولتاثبوت ہیں۔