نوازشریف نے کہا کہ ہمارے خطے کے کروڑوں لوگ اس منصوبے کے ثمرات سے استفادہ کریں گے۔

اقتصادی راہداری سے علاقائی تجارت کو فروغ ملے گا،وزیراعظم
06 اپریل 2017 (17:36)
0

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے علاقائی تجارت اور کاروبار کو زبردست فروغ ملے گااور خطے کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز اسلام آباد میں چین کی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی قومی کمیٹی کے چیئرمین یوژنگ شنگ کی قیادت میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے خطے کے کروڑوں لوگ اس منصوبے کے ثمرات سے استفادہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری اور اس کے متعلقہ منصوبے دونوں ملکوں کے عوام کی یکساں سوچ اور علاقائی روابط کے لئے ان کے عزم کے عکاس ہیں۔
نواز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کیلئے چین کے سفارتی اور مالی تعاون کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہاکہ دونوں پارلیمنٹس کے درمیان قریبی تعاون پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ صدر شی چن پنگ کے 2015 ء میں پاکستان کے دورے کے بعد سے دونوں ملکوں کے سٹرٹیجک شراکت داری پر مبنی تعلقات انتہائی بلند سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک راستہ ایک منزل کا آئندہ فورم اگلے ماہ چین میں منعقد ہو رہا ہے ،جس سے چین پاکستان اور عالمی برادری کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور اس حوالے سے تبادلہ خیال کا ایک شاندار موقع ملے گا۔
چین کے وفد کے سربراہ Zheng Sheng Yuنے امید ظاہر کی کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ملکوں کے درمیان بردرانہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔