Friday, 29 March 2024, 12:04:11 pm
تمام اقتصادی اشاریے مثبت ہیں، وزیراعظم
December 07, 2018

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تمام اقتصادی اشاریے مثبت رجحان ظاہر کر رہے ہیں اورپاکستان اب ابھرتی ہوئی معیشت کے مرحلہ میں داخل ہوگیا ہے۔جمعرات کے روز اسلام آباد میں کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کثیر الملکی کمپنیوں نے ملک کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیاہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم معدنیات خصوصا گیس اور تیل کی تلاش کیلئے ممتاز بین الاقوامی کمپنیوں کو بھی دعوت دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لئے افغانستان میں سیاسی حل کی خاطر اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے فروغ کے لئے ہمیشہ اپنا موثر کردار ادا کیا ہے اور یہ بات باعث اطمینان ہے کہ عالمی طاقتیں خصوصا امریکہ نے اس حوالے سے پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ افغان مفاہمتی عمل کے بارے میں امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد کے اسلام آباد کے حالیہ دورے کے موقع پر وزیرخارجہ کی اس موضوع پر ان سے انتہائی تعمیری ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ نے افغانستان میں امن ومفاہمت کے عمل میں پاکستان کی معاونت طلب کی ہے۔عمران خان نے کہاکہ یہ پیش رفت میرے اس موقف کی عکاسی ہے کہ افغانستان میں سیاسی تصفیے کیلئے طالبان سمیت تمام فریقین سے مذاکرات ضروری ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان یمن میں قیام امن کیلئے سعودی عرب اورایرانی قیادت سمیت تمام فریقین کو مذاکرات کی میزپرلانے کیلئے رابطے میں ہے۔انہوں نے کہا میرے حالیہ دورہ سعودی عرب میں سعودی قیادت سے یمن کے معاملے پر بات چیت ہوئی ہے اور بہت مثبت ردعمل ملا ہے۔ انہوں نے کہاایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے بھی اسلام آباد کا دورہ کیا ہے اور یمن کے امن عمل کے طریقہ کار پرتبادلہ خیال کیا ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان خطے میں پائیدار امن واستحکام کیلئے یمن میں امن کی خاطر ثالثی کا کردارادا کرتا رہے گا۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے سکھ یاتریوں کی سہولت کیلئے کرتارپور راہداری کا افتتاح کرکے ایک تاریخی قدم اٹھایا تاکہ وہ پاکستان میں اپنے مقدس مذہبی مقامات کی زیارت کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ سکھوں ، ہندووں اوربدھوں سمیت تمام اقلیتوں کو پاکستان میں اپنے مذہبی مقامات کی زیارت میں سہولت فراہم کرنا تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے ۔ عمران خان نے کہا کسی کو سیاسی فائدے کیلئے خالصتا مذہبی اور عوامی مفاد کے ایسے معاملات کو سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہیے۔انہوں نے اس بات پرافسوس کااظہار کیاکہ بھارتی حکومت کرتارپور رہداری کوسیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے جبکہ دنیا بھر میں مقیم سکھ برادری نے پاکستان کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کو کابینہ اجلاس کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے ریونیو کے وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے غریب لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے غربت میں کمی کا قومی پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ پروگرام کیلئے اٹھارہ ارب روپے مختص کیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ ضرورت مند افراد کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے نقد رقم کی بجائے تکنیکی آلات فراہم کیے جائیں گے۔حماد اظہر نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے لوگوں میں سے بائیو میٹرک نظام سے مستحق افراد کا انتخاب کیا جائے گا اور اس میں خواتین اور خصوصی افراد کو ترجیح دی جائے گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے بارے میں وزیراعظم کے خصوصی معاون افتخار درانی نے کہا کہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے گیارہ لاکھ ٹن چینی کی برآمد کے فیصلے کی منظوری دی۔انہوں نے کہاکہ برآمدی شعبے کی سہولت کے لئے پنجاب میں انتہائی کم درجے والی صنعت کیلئے گیس پر ساڑھے پچیس ارب روپے کی اعانت دی گئی۔افتخار درانی نے کہا کہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کینیڈا کے ساتھ منی لانڈرنگ کے خلاف ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔افتخار ورانی نے کہا کہ انسداد تجاوزات کی جاری مہم کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد قبضہ مافیا سے سرکاری اراضی کا قبضہ حاصل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں واگزار کرائی گئی اربوں روپے مالیت کی اراضی کو بہتر مقاصد کیلئے استعمال کیا جائے گا۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.