Wednesday, 19 September 2018, 09:21:40 pm
پاکستان نے اپنے وسائل سے دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑی ہے:ڈاکٹراشرف
January 06, 2018

    پاک امریکہ ڈیمو کریٹک فورم کے صدر ڈاکٹر اشرف طور نے کہا ہے کہ امریکہ نے ہمیشہ پاکستان کو دھوکا دیا ہے۔ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے کو محفوظ بنانے کیلئے اپنے وسائل سے دہشتگردی کے خلاف اہم اور فیصلہ کن جنگ لڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا مقروض ہے کیونکہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کے ساتھ اتحاد کی بھاری قیمت چکائی ہے۔انہوں نے تجویز دی کہ پاکستان کو امریکہ کی طرف سے لگائے گئے الزامات کے معاملے کو اسلامی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ سمیت عالمی فورم پر اٹھانا چاہیے۔بین الاقوامی تعلقات کے ماہر ڈاکٹر زاہد انور خان نے ریڈیو پاکستان کے چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن واستحکام کی کوششوں کی حمایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ اپنے اتحادیوں کو اپنے مفادات کے لئے استعمال کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اب امریکہ کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔