حکومت کا گڈانی سانحہ میں غفلت برتنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ
05 نومبر 2016 (22:13)
0

گڈانی میں آئل ٹینکر میں آتشزدگی کی وجوہات کا پتہ لگانے کیلئے وزیراعظم کی جانب سے تشکیل دی جانے والی تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس دفاعی پیداوار کے وزیررانا تنویر حسین کے زیر قیادت ہفتہ کے روز کراچی میں ہوا۔ کمیٹی نے بحری جہاز کے مالک، لیبر یونین کے ارکان اور ماحولیاتی تحفظ کے محکمے کے سینئر عہدیداروں سمیت متعلقہ فریقوں سے تحقیقات کی۔

رانا تنویرحسین نے تحقیقاتی رپورٹ ایک ہفتے کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ رپورٹ میں واقعے کے ذمہ دار افراد کا تعین کیا جائے اور مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچنے کے طریقوں کی سفارشات پیش کی جائیں۔ وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، گڈانی میں معمول کی سرگرمیاں جلد دوبارہ شروع ہوں گی۔