یہ بات انہوں نے بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے ملاقات کے دوران کہی

وزیراعظم کا ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم
05 نومبر 2014 (15:23)
0

وزیراعظم نواز شریف نے عوام کے تعاون سے ملک سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے آج (بدھ) ان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔


وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے موثر طریقے سے خاتمے کیلئے انسداد دہشت گردی کے قومی ادارے کو فعال بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ایک جامع لائحہ عمل اپنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے پر یقین رکھتی ہے۔


نواز شریف نے مادروطن کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والے سیکورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بری فوج کے سربراہ نے وزیراعظم کو سلامتی کی مجموعی صورتحال خصوصا شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن سے متعلق بریفنگ دی۔