وزیرخزانہ کا یوکوہاما میں سارک وزرائے خزانہ کے غیر رسمی اجلاس سے خطاب۔

اسحق ڈار کا جنوبی ایشیا میں آزادانہ تجارت کا عمل تیز کرنے پر زور
05 مئی 2017 (18:23)
0

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جنوبی ایشیائی خطے میں آزادانہ تجارت کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کے روزجاپان کے شہر یوکوہامہ میں ایشیائی ترقیاتی بینک کانفرنس کے موقع پر سارک وزرائے خزانہ کے گیارہویں غیر رسمی اجلاس میں کہی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اقتصادی رہنمائوں سے باقاعدہ ملاقاتوں سے رکن ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہاکہ اقتصادی تعاون اور تجارت کے فروغ سے ہمارے لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا جو دنیا کی آبادی کا پانچواں حصہ ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہاکہ اقتصادی استحکام کے حصول کے بعد پاکستان2030 میں گروپ بیس کے ممالک میں شامل ہو جائے گا۔

بعد میں آج جاپان میںایشیائی ترقیاتی بینک کے اجلاس کے موقع پر اوپن گورنمنٹ پارٹنر شپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت خریداری کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے تمام ممکن اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے مائع قدرتی گیس کے منصوبوں میں شفافیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان سے تقریباً نوے کروڑ ڈالر کی بچت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ نجی شعبے کے ساتھ کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لئے عملی اقدامات کیے گئے ہیں۔
اوپن گورنمنٹ پارٹنر شپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے سرکاری خریداری میں شفافیت یقینی بنانے پر پاکستان کی تعریف کی۔