نواز شریف نے کہاکہ بجلی کے بڑے منصوبوں کی تکمیل سے اگلے سال کے اوائل میں لوڈشیڈنگ سے نجات مل جائے گی۔

05 مئی 2017 (18:09)
0

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مخالفین کی جانب سے رکاوٹوں کے باوجود ملک ترقی کا سفر جاری رکھے گا۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز مظفر آباد کے قریب نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کی سرنگوں کی تکمیل کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم نے کہاکہ بعض عناصر تمام فورموں پر حکومت پر نکتہ چینی کرنے کے عادی ہیں انہوں نے کہا کہ یہ عناصر ملک کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔
نواز شریف نے کہاکہ ملک میں بجلی کے بڑے منصوبوں کی تکمیل سے اگلے سال کے اوائل میں لوڈشیڈنگ سے نجات مل جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی بہتری کے لئے تمام ترقیاتی منصوبوں پر سنجیدگی سے عملدرآمد کے لئے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے موثر انداز میں تمام مسائل پر قابو پالیا ہے اور اب ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور دہشت گردفرار ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کے لئے کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نیلم جہلم منصوبے سے نوسو انہتر میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اڑسٹھ کلومیٹر طویل سرنگ کے منصوبے کی تکمیل ایک بڑا کام تھا۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ سال کے آغاز تک دس ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کر دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے شروع کیے گئے منصوبوں سے گزشتہ ستر سال کے مقابلے میں زیادہ بجلی پیدا ہوگی انہوں نے کہاکہ دھرنوں سے ملک کا ترقیاتی عمل بری طرح متاثر ہوا ہے۔