افغان فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں 1 شہری شہید اور18 زخمی ہوگئے

چمن: پاکستانی علاقے میں افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ
05 مئی 2017 (10:06)
0

افغان فورسز نے آج صبح چمن کے قریب پاک افغان سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کی ۔فائرنگ سے ایک شہری شہید اور اٹھارہ افراد زخمی ہو گئے جن میں ایف سی اہلکار ، خواتین اور بچے شامل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق افغان سرحدی فورسز نے مردم شماری ٹیم کی سیکورٹی پر تعینات ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کی ۔ افغان سرحدی فورسز چمن میں کلی لقمان اور کلی جہانگیر کے منقسم دیہات میں مردم شماری کے عمل میں رکاوٹیں پیدا کر رہی ہیں۔
فائرنگ کا یہ واقعہ افغان حکام کو پہلے سے آگاہ کرنے اور مردم شماری کے انعقاد کیلئے سفارتی اور فوجی ذرائع سے رابطہ کئے جانے کے باوجود پیش آیا۔
واقعے کے بعد چمن کی سرحدی گزرگاہ کو بند کر دیا گیا ہے۔