وزیراعظم کی پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت تمام منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت۔

بجلی کے پیداواری منصوبے تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں،وزیراعظم
05 جون 2017 (20:00)
0

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے پیداواری منصوبے تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں اور قومی گرڈ میں بہت جلد ہزاروں میگاواٹ بجلی شامل کی جائے گی۔
پیر کے روز لاہور میں پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کے منصوبوں پر چھتیس ارب ڈالر خرچ کئے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ تین ہزار چھ سو میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل مائع قدرتی گیس کے تین بجلی منصوبوں میں ایک سو بارہ ارب روپے کی بچت کی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ دو دن پہلے بجلی کی پیداوار انیس ہزار میگاواٹ سے زائد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی جو ایک ریکارڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اقتصادی اشاریے بھی بہتر ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے پر حکومت پنجاب کو سراہا اور اورنج لائن اور میٹر و بس سروس کو عوام کی حقیقی سروس قرار دیا۔

لاہور میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام دو ہزار سترہ اٹھارہ کے تحت تمام منصوبے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر شفافیت اور بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے ترقی کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت کی توجہ عوام کی فلاح وبہبود پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبوں کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی اور ان کے لئے تمام سہولتوں کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔