اب تک سری لنکا کے ہونہار طلباء کو ساڑھے چار کروڑ روپے مالیت کے وظائف دیئے جاچکے ہیں۔

پاکستان کا سری لنکن طلباء کی استعداد کار بڑھانے کیلئے تعاون کا اعادہ
05 جون 2016 (17:10)
0

پاکستان نے نوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقع کی فراہمی کے ذریعے ان کی قومی تعمیر کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے لئے سری لنکا کے ساتھ جاری اپنے تعاون کا اعادہ کیا ہے۔
یہ بات سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر شکیل حسین نے کولمبو میں حکومت پاکستان کے جناح ایجوکیشنل اسکالر شپ پروگرام کے تحت سری لنکا کے ایک سو ساٹھ ہونہار طلباء کوتعلیمی وظائف دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستا ن تعلیم کے شعبے میں سری لنکا کے ساتھ اپنے تعاون کو فروغ دینے کا خواہشمند ہے۔
سری لنکا کے شہری منصوبہ بندی اور پانی کی فراہمی کے وزیر رئوف حکیم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی حکومت کی سری لنکا کے نادار طلباء کوتعلیم کی فراہمی اس کے دوطرفہ تعاون کے عزم کی عکاسی کرتی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کا قریبی دوست ہے اور اس نے تاریخ میں ہمیشہ مشکل وقت میں سری لنکا کی مدد کی ہے۔
حکومت پاکستان2005 ء سے جناح تعلیمی وظائف دے رہی ہے اب تک سری لنکا کے ہونہار طلباء کو ساڑھے چار کروڑ روپے مالیت کے وظائف دیئے جاچکے ہیں۔