ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو جابرانہ ہتھکنڈوں سے ہرگز دبایا نہیں جاسکتا ۔

پاکستان کی کشمیری قیادت کو ہراساں کرنے کیلئے بھارت کے منفی اور جابرانہ ہتھکنڈوں کی مذمت
05 جولائی 2017 (20:39)
0

دفترخارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کشمیری قیادت کوہراساں کرنے اور کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو جبرو استبدادسے دبانے کیلئے بھارت کے منفی اورجابرانہ ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کی ہے ۔

انہوں نے یہ بات بھارت کے قومی تحقیقاتی ادارے کی اطلاعات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہی ادارے نے کشمیری رہنما میرواعظ عمر فاروق کے چچا مولوی منظوراحمد اورمولوی شفاعت احمد کو نئی دلی میں این آئی اے ہیڈ کوارٹرز رپورٹ کرنے کو کہا ہے ۔
اس سے پہلے ادارے نے میرواعظ عمر فاروق کے قریبی ساتھی شاہد اسلم کو دہشت گردی کیلئے مالی امداد کے الزامات پر گرفتارکرلیا تھا ۔
انہوں نے کہاکہ بھارت کو اس امر کا ادراک کرنے کی ضرورت ہے کہ حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو جابرانہ ہتھکنڈوں سے ہرگز دبایا نہیں جاسکتا ۔
ترجمان نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی حمایت جاری رکھے گا۔