وزیراعظم کا باہمی تجارتی فروغ کیلئے دوشنبے میں پاکستانی سفارتخانے میں کمرشل سیکشن کھولنے کا اعلان۔

پاکستان،تاجکستان کا دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا عزم
05 جولائی 2017 (20:12)
0

پاکستان اور تاجکستان نے تجارت توانائی اور دفاعی پیداوار سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پراتفاق کیا ہے ۔
یہ اتفاق رائے آج دوشنبے میں وزیراعظم نواز شریف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے درمیان بات چیت کے دوران ہوا ۔
بعد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی خواہش ظاہر کی ۔
وزیراعظم نے باہمی تجارت کے فروغ کیلئے دوشنبے میں پاکستانی سفارتخانے میں کمرشل سیکشن کھولنے کا اعلان کیا ۔
وزیراعظم نے کہاکہ مذاکرات کے دوران فریقین نے دوطرفہ دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون پر بھی اطمینان ظاہر کیا انہوں نے کہاکہ انسداد دہشت گردی کے بارے میں پاکستان اور تاجکستان کے مشترکہ ورکنگ گروپ کا پہلا اجلاس اس ماہ دوشنبے میں ہوگا ۔
تاجک صدر امام علی رحمان نے کہاکہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تعلقات ایک دوسرے کی خودمختاری کے احترام پرمبنی ہیں ۔
اس سے پہلے دوشنبے میں معاونین کے بغیر ملاقات میں تاجک صدرسے گفتگوکرتے ہوئے محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے بارہا جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرکے کنٹرول لائن پرکشیدگی بڑھائی ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ کاسا1000 منصوبہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ پاکستان تاجکستان کے ساتھ سالانہ تجارتی حجم کو پچاس کروڑ ڈالر بڑھانا چاہتا ہے۔
وزیراعظم نے یقین ظاہر کیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری خطے میں روابط کو مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ ، شاہراہیں اور ریل ،نیٹ ورک سمیت پاکستان کا پورا بنیادی ڈھانچہ تاجکستان کے لئے حاضر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے دفاعی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نوازشریف نے آج دوشنبے میں تاجکستان کے وزیراعظم KHOKHIR RASULZODAIN سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔
انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔

پاکستان اورتاجکستان نے زراعت اورتجارت کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کیلئے آج دوشنبے میں معاہدوں پر دستخط کیے ۔
وزیراعظم اورتاجک صدر بھی دستخطوں کی تقریب میں موجود تھے ۔