مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیر کی تاریخ میں 5 جنوری1949 کادن انتہائی اہمیت کا حامل ہے

File Photo

 دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے یومِ حق ِخود ارادیت منایا
05 جنوری 2017 (09:13)
0

کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے جمعرات کو یوم حق خودارادیت منایا۔
اقوام متحدہ نے پانچ جنوری1949 میں ایک قرارداد منظور کی جس میں جموں و کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کو تسلیم کیا گیا اور انہیں آزادانہ اور شفاف استصواب رائے کے ذریعے حق خودارادیت دلانے کا وعدہ کیا گیا۔
مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیر کی تاریخ میں5 جنوری1949 کادن انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کی قرار دادوں کا احترام کرتے ہوئے ان پرعملدرآمد کرے اور اس تنازعے کو کشمیر ی عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرے۔
دن کی مناسبت سے مظفر آباد سمیت آزاد کشمیر بھر میں ریلیاں اور مظاہرے کیے گئے،ا س سلسلے میں کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام ایک تقریب ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے۔
مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔