منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر نے کہاہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کے لئے اراضی کی خریداری پر ایک ارب ڈالر خرچ کئے گئے ہیں۔

05 دسمبر 2016 (15:10)
0

منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں سستی بجلی پیدا کرنے اور پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے ۔آج اسلام آباد میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیامربھاشا ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب اگلے سال ہو گی۔ انہوںنے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کے لئے اراضی کی خریداری پر ایک ارب ڈالر خرچ کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ ڈیم میں چھ ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش اور چار ہزار پانچ سو میگاواٹ سستی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہو گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت بجلی کی قلت پر قابو پانے ، پینے اور آبپاشی کیلئے پانی کی فراہمی کی غرض سے کرم تنگی اور منڈا ڈیم جیسے چھوٹے ڈیموں پر تیزی سے کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متبادل ذرائع سے بھی سستی بجلی پیدا کرنے کی خواہاں ہے ۔
احسن اقبال نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری وزیراعظم نواز شریف کی حکومت کی بڑی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک چھیالیس ارب ڈالر مالیت کا منصوبہ ہے جس سے خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔