منصوبہ خودانحصاری کی بنیاد پر تیار کیا گیا جس کے تحت ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈز سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام اور واپڈا کی آمدن سے فراہم کئے جائیں گے

وزیراعظم کی دیامر بھاشا ڈیم کیلئے فنڈز کی فراہمی کے منصوبے کی منظوری
05 دسمبر 2016 (12:58)
0

وزیراعظم نواز شریف نے آج دیامر بھاشا ڈیم کیلئے فنڈز کی فراہمی کے منصوبے کی اصولی منظوری دی۔
یہ منصوبہ پانی وبجلی کے سیکرٹری نے انہیں پیش کیا تھا۔
یہ منصوبہ خودانحصاری کی بنیاد پر تیار کیا گیا جس کے تحت ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈز سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام اور واپڈا کی آمدن سے فراہم کئے جائیں گے جبکہ ڈیم سے بجلی کی پیداوار کے لئے فنڈزکا انتظام وزارت واپڈا کے ذریعے یا اپنے موجودہ منصوبوں کو پٹے پر دے کر کرے گی۔
وزیراعظم نے پانی وبجلی ، منصوبہ بندی اور خزانہ کے سیکرٹریوں سے کہا ہے کہ وہ فنڈز کی فراہمی کی تجویز پر تیزی سے کام مکمل کریں ۔ انہوں نے پانی وبجلی کے سیکرٹری کو ہدایت کی کہ وہ تیاریاں شروع کریں تاکہ ڈیم پر عملی کام 2017 ختم ہونے سے پہلے شروع کیا جا سکے۔
مشترکہ مفادات کونسل نے 2009 میں دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کی منظوری دی تھی اس منصوبے کیلئے کثیر الجہتی امدادی اداروں کے ذریعے مالی تعاون حاصل کرنے کیلئے خاصا وقت صرف ہو رہا ہے اور پاکستان کو اسکے پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں فوری اضافے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کو آبی طور پر محفوظ ملک بنانے کے چیلنج سے نمٹا جا سکے۔
دیامر بھاشا ڈیم میں آٹھ اعشاریہ ایک ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہو گی جس میں سے چھ اعشاریہ چار ملین ایکڑ فٹ پانی ہروقت ڈیم میں موجود رہے گا اور اس سے پینتالیس سو میگاواٹ سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا ہو گی۔