مشیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کو افغانستان میں دہشت گردی کے بارے میں تشویش ہے۔

File Photo

بھارت پاکستان افغانستان کے درمیان اختلافات پیدا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکتا:سرتاج
05 دسمبر 2016 (08:25)
0

خارجہ امور کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے افغانستان کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچانے اور دونوں برادر ملکوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوششوں میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔ وہ بھارت کے شہر امرتسر میں دو روزہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے بعد اسلام آباد واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ افغانستان کے ساتھ ہمارے تعلقات پر بھارتی کوششیں اثرانداز نہیں ہوسکتیں کیونکہ وہ مذہبی ،تاریخی، ثقافتی اور عوامی سطح کے مضبوط رشتوں میں منسلک ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کو افغانستان میں دہشت گردی کے بارے میں تشویش ہے تاہم افغانستان میں امن و استحکام کیلئے کوششیں کرنا ایک مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے افغانستان پرزوردیا کہ وہ سرحدی نظم و نسق پر پاکستان کے ساتھ تعاون کرے تاکہ دہشت گردوں اور منشیات کے سمگلروں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جاسکے۔
ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے موقع پر افغان صدراشرف غنی کے بیان پرردعمل کااظہار کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہاکہ یہ قابل مذمت ہونے کے ساتھ ساتھ قابل فہم ہے کیونکہ یہ افغانستان میں دہشت گرد حملوں اوربم دھماکوں کے واقعات میں اضافہ سے پیدا ہونے والی پریشانی کا نتیجہ ہے۔