بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر نے کہاکہ کشمیر کا دیرینہ تنازع پاکستان اوربھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے۔

File Photo

مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا:باسط
05 دسمبر 2016 (07:39)
0

بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ وہ بھارت کے شہر امرتسر میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کا دیرینہ تنازع پاکستان اوربھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے اور یہ مسئلہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔
عبدالباسط نے کہاکہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ برابری کی بنیاد پر بات چیت کی ہمیشہ حمایت کی ہے تاہم پاکستان کی مذاکرات کی خواہش کو اس کی کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کے لئے گزشتہ تیس سال سے قربانیاں دے رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ہائی کمشنر نے کہاکہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ ایک مثبت پیشرفت ہے۔

ایک اور سوال پر سفیر نے کہاکہ بھارتی حکام نے سرتاج عزیز کو میڈیا سے بات چیت کرنے کی اجازت نہیں دی جو انتہائی افسوسناک ہے۔