اس سکیم کا مقصد دیہی علاقوں میں غریبوں کیلئے چھوٹے پیمانے پر کاروبار شروع کرنے میں مدد دینے کیلئے مالی امداد فراہم کرنا ہے۔

وزیراعظم قرضہ سکیم کے تحت ایک ارب ستانوے کروڑ تیس لاکھ روپے فراہم کئے گئے
05 دسمبر 2015 (11:24)
0

وزیراعظم کی بلاسود قرضہ سکیم کے تحت ملک کے چوالیس اضلاع میں اب تک نوے ہزار سے زائد افراد نے ایک ارب ستانوے کروڑ تیس لاکھ روپے مالیت کے قرضے لئے ہیں۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے گزشتہ سال جون میں ساڑھے تین ارب روپے مالیت کی اس سکیم کا افتتاح کیا تھا جس کا مقصد ملک کے دیہی علاقوں میں غریبوں کے لئے چھوٹے پیمانے پر کاروبار شروع کرنے میں مدد دینے کیلئے مالی امداد فراہم کرنا ہے۔

غربت میں کمی لانے کا قومی ادارہ اپنے پچیس شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس سکیم پر عملدرآمد کر رہا ہے۔

ایک بیان میں سکیم کی چیئرپرسن لیلیٰ خان نے کہا کہ وزیراعظم کی بلاسود قرضہ سکیم کا مقصد ملک میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی لانے کیلئے غریبوں اور مستحقین کو بلاسود قرضے فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں اور بنکوں کی سہولت سے استفادہ نہ کرنے والوں کو ان کی دہلیز پر کاروباری مشاورتی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ اپنے کاروبار اور زندگیوں میں تبدیلی لانے کیلئے مالی خدمات تک رسائی حاصل کر سکیں۔