اُمور خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز چین اور پاکستان کے درمیان نئے دور کے مشترکہ اہداف کے فروغ کے عنوان سے ایک سیمینار میں خطاب کررہے تھے۔

چین کے ساتھ دوستی ہماری خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے:سرتاج
05 اگست 2014 (20:00)
0

اُمور خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز نے کہاہے کہ چین کے ساتھ دوستی ہماری خارجہ پالیسی کا ایک اہم حصہ ہے۔ وہ چین اور پاکستان کے درمیان نئے دور کے مشترکہ اہداف کے فروغ کے عنوان سے ایک سیمینار میں خطاب کررہے تھے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی کوریڈور ایک اہم منصوبہ ہے جو کراچی اور گوادر کو چین سے ملائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اقتصادی راہداری کے تحت توانائی ، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور مواصلات سمیت مختلف شعبوں میں متعدد بڑے منصوبوں پر غور کررہے ہیں۔


مشیر خارجہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف شروع کیاگیا آپریشن کامیابی سے جاری ہے ۔ علاقے کے بڑے حصوں سے دہشتگردوں کا صفایا کردیاگیاہے اور ان کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیاگیاہے۔


سرتاج عزیز نے تمام اندرونی و بیرونی دہشتگردگروپوں کو ختم کرنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد ریاست کی عملداری قائم کرنا ہے ۔اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال کرنے سے روکنا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام غیر ملکی شہریوں خصوصاََ پاکستان میں کام کرنے والے چینی کارکنوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے ۔ پاکستان میں کام کرنے والے چینی ماہرین پر حملہ کرنے والے عناصر دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

بھارت کے ساتھ تعلقات کے بارے میں سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے اور دوطرفہ تعلقات کی بہتری کیلئے بھارت کے ساتھ رابطے میں ہے۔