صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئےخارجہ امورکےمشیر سرتاج عزیز نے کہا کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی کے حملے ایک سنجیدہ مسئلہ ہے اور پاکستان سرحد کے بہتر انتظام کیلئے افغان حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔

پاکستان کا افغانستان سے ملا فضل ﷲ کی حوالگی کا مطالبہ
05 اگست 2014 (14:35)
0

پاکستان نے افغانستان سے تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل ﷲ کی حوالگی کا ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے۔آج(منگل) اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی کے حملے ایک سنجیدہ مسئلہ ہے اور پاکستان سرحد کے بہتر انتظام کیلئے افغان حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کا پوری طرح دفاع کرے گا اور سرحد پار سے کسی بھی حملے کا جواب دے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد افغانستان اور پاکستان کے مشترکہ دشمن ہیں اور دونوں ملکوں کو ان سے نمٹنے کیلئے مکمل تعاون کرنا چاہئے ۔


پاک بھارت مذاکرات کے حوالے سے مشیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے خارجہ سیکرٹریز کی ملاقات رواں ماہ کی پچیس تاریخ کو ہو گی۔

اس سے پہلے نئے دور میں مشترکہ مستقبل کیلئے چین پاکستان کے عوام کی سطح پر قرابت داری کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے امور خارجہ کے مشیر نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی ہماری خارجہ پالیسی کا اہم سنگ میل ہے۔