وزیر اطلاعات نے کہا کہ عالمی طاقتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم روکنے میں مدد دینے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

پاکستان کا اسرائیل کے خلاف پابندیاں لگانے کا مطالبہ
05 اگست 2014 (18:46)
0

وزیراطلاعات ونشریات پرویز رشید نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن ملکوں پر زوردیاہے کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی پر اُس کے خلاف پابندیاں عائد کی جائیں۔ آج (منگل) سہ پہر اسلام آباد میں غزہ کے معاملے پر ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ غیر ریاستی عناصر کی دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے عالمی طاقتیں متحد ہوکر کارروائی کرتی ہیں لیکن فلسطینی خواتین اور بچوں سمیت فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر وہ خاموش ہیں۔


پرویز رشید نے کہا کہ اسرائیل عالمی طاقتوں کی طرف سے فراہم کردہ ہتھیار بے رحمانہ طریقے سے بے گناہ لوگوں کے خلاف استعمال کررہاہے اور عالمی طاقتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم روکنے میں مدد دینے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر عالمی طاقتیں اسرائیل کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہیں تو اس سے یہ نتیجہ اخذ کیاجائے گا کہ وہ دہشتگردی کے خلاف اپنے عزم میں مخلص نہیں ہیں اور صرف بعض ممالک اور مخصوص عقیدہ رکھنے والے لوگوں کے خلاف کارروائی کررہی ہیں۔


اُنہوں نے کہا کہ دنیا کے بعض دوسرے ملکوں نے بھی اسرائیلی مظالم کی مذمت کی ہے لیکن اثرورسوخ رکھنے والی عالمی طاقتیں اس معاملے پر خاموش ہیں۔ اُنہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ اسرائیل کی طرف سے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی کے باوجود دنیا خاموش ہے۔