چار ہفتے سے جاری لڑائی کے دوران اٹھارہ سو سے زائد فلسطینی شہید اور نو ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیل کاغزہ میں موجود اپنے تمام فوجی واپس بلانے کا اعلان
05 اگست 2014 (14:02)
0

اسرائیل نے غزہ میں موجود اپنے تمام فوجی واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔ایک اسرائیلی فوجی عہدیدار نے مقبوضہ بیت المقدس میں صحافیوں کو بتایا کہ پاکستان کے معیاری وقت صبح دس بجے سے شروع ہونے والی 72 گھنٹے کی جنگ بندی کے معاہدے کے آغاز کے بعد اسرائیلی فوج غزہ کے باہر دفاعی پوزیشن پر آ جائے گی۔

غزہ میں حکام نے بتایا کہ چار ہفتے سے جاری لڑائی کے دوران اٹھارہ سو سے زائد فلسطینی شہید اور نو ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اسرائیل اور حماس پر زور دیا ہے کہ وہ 72 گھنٹے کے لئے جنگ بندی کے معاہدے کے دوران صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں۔


ایک بیان میں انہوں نے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ اپنے مسائل کو مذاکرات کی میز پر حل کریں۔فلسطین کے بحران پر غور کے لئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس کل ہو گا۔