Friday, 15 November 2019, 07:21:48 am
حکومت صوبے کو تجارتی اور کاروباری مرکزبنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، محمود خان
November 05, 2019

فائل فوٹو

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے کو تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں میں اہم علاقائی مرکز بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

منگل کے روز اسلام آباد میں کو بھی مشترکہ تعاون کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ذریعے صوبے میں بے پناہ قدرتی وسائل کے دروازے کھل رہے ہیں۔

محمود خان نے کہا کہ سکی کناری پن بجلی منصوبے، رشکئی اقتصادی زون، حویلیاں تھاکوٹ ہائی وے، سوات ایکسپریس وے فیز ٹو، ڈیرہ اسماعیل خان سے پشاور ایکسپریس وے اور حویلیاں ڈرائی پورٹ پر ایم ایل ون منصوبے کے حصوں کے طور پر عملدرآمد سے خطے میں تجارت اور صنعتکاری کے وسیع مواقع پیدا ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سماجی اور اقتصادی منصوبوں خصوصاً صحت، پیشہ وارانہ تربیت، وزراعت اور پینے کے صاف پانی کے شعبوں میں مالی معاونت پر چینی حکومت کی شکرگزار ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت نئے مشترکہ منصوبوں کے نئے سرمایہ کاری بورڈ کے ذریعے آئندہ سال بیجنگ میں دوسرا روڈ شو منعقد کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔