Saturday, 20 October 2018, 01:25:20 am
حکومت سرکاری شعبے کی تنظیم نو ،بہتر نظم ونسق کیلئے پرعزم ہے،خسرو
October 05, 2018

منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر خسرو بختیار نے کہا ہے کہ حکومت سرکاری شعبے کی تنظیم نو اور اچھے نظم و نسق کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات نائب صدر Wencai Zhang کی قیادت میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔منصوبہ بندی کے وزیر نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی مدد اور تعاون کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کم ترقی یافتہ علاقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے مزید شعبوں میں کام کر سکتے ہیں۔خسرو بختیار نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تمام شعبوں میں غربت کے خاتمے اور لوگوں کو معیاری تعلیم اور صحت کی خدمات کی فراہمی کے لئے یکساں ترقیاتی مواقع فراہم کریگی۔انہوں نے کہا کہ حکومت معاشرے کے کم آمدنی والے طبقوں کے لئے سستے گھروں کی تعمیر پر کام کر رہی ہے اور ایشیائی ترقیاتی بینک اس منصوبے میں تعاون کر سکتا ہے۔بینک کے نائب صدر Wencai Zhang نے سماجی و اقتصادی اور انسانی وسائل کی ترقی کیلئے حکومت کے عزم کو سراہا اور مختلف شعبوں میں تعاون کا یقین دلایا۔