Wednesday, 26 June 2019, 04:52:58 am
حکومت اپنے 5سالہ دور اقتدار میں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے،گنڈا پور
January 05, 2019

امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیر علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کررہی ہے۔ریڈیو پاکستان کے نمائندے بلال خان محسود سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے عالمی براداری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دلوانے کیلئے کردار ادا کرے اور ان کے خلاف بھارتی مظالم بند کرائے۔امور کشمیر کے وزیر نے کہا کہ بھارت بے گناہ شہریوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ واضح کیا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ امن کا خواہاں ہے اور اگر بھارت امن کیلئے ایک قدم بڑھاتا ہے تو پاکستان دو قدم اٹھائے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے یہ بھی کہا تاکہ امن کیلئے پاکستان کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے اور مسئلہ کشمیر پر بات چیت کے بغیر بھارت کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوںگے کیونکہ یہ ہماری اولین ترجیح ہے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی حالیہ رپورٹ میں پہلی بار بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا اعتراف کیا گیا اور بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی تحقیقات کیلئے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفتر سے انکوائری کمیشن کے قیام کا مطالبہ کرتا ہے۔وفاقی وزیر نے کشمیریوں کے عزم واستقامت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جو بھارت کے ظلم وستم کے خلاف سینہ سپر ہیں اور وہ انہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دینے سے انکاری ہے۔